Home / Politics / صدرمملکت کا کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ اور شہدائے جموں کو خراج عقیدت ، پاکستان جموں و کشمیر کے حوالے سے اپنے اصولی موقف پر ثابت قدمی سے کاربند ہے،آصف علی زرداری کا یوم شہدائے جموں پر پیغام

صدرمملکت کا کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ اور شہدائے جموں کو خراج عقیدت ، پاکستان جموں و کشمیر کے حوالے سے اپنے اصولی موقف پر ثابت قدمی سے کاربند ہے،آصف علی زرداری کا یوم شہدائے جموں پر پیغام

President Asif Ali Zardari

اسلام آباد (ٹاپ اردو پوائنٹ) صدرمملکت آصف علی زرداری نےکشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ اور شہدائے جموں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان جموں و کشمیر کے حوالے سے اپنے اصولی موقف پر ثابت قدمی سے کاربند ہے اور اپنے کشمیری بہن ،بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے یہ بات یوم شہدائے جموں کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی جو 6 نومبر کو منایا جا رہا ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ یوم شہدائے جموں کے موقع پر ہم نومبر 1947ء میں جموں میں شہید کیے گئے بے گناہ کشمیری مسلمانوں کو احترام سے یاد کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ہم نہایت عزت و وقار کے ساتھ ان کی یاد مناتے ہوئے ان خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں جن کی زندگیاں تشدد اور بے گھر ہونے کے باعث تباہ ہو گئیں۔

انہوں نے کہا کہ 79 سال قبل آج ہی کے دن ڈوگرہ راج کی افواج نے انتہا پسند مسلح جتھوں کی مدد سے جموں کی مسلم آبادی کے خلاف منظم انداز میں تشدد کی کارروائیاں کیں۔ ہزاروں مرد، خواتین اور بچوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا جبکہ لاتعداد افراد کو اپنے گھروں اور آبائی علاقوں کو چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا۔ ان مظالم نے جموں کی آبادیاتی ہیئت کو تبدیل کر دیا اور ایسے زخم چھوڑے جو نسل در نسل آج بھی محسوس کیے جا رہے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ 6 نومبر 1947ء کا سانحہ کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔کشمیری عوام کی مشکلات صرف ماضی تک محدود نہیں ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ کی حالیہ رپورٹس میں بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں غیر قانونی حراستوں، پرامن اختلاف رائے پر پابندیوں، سزا کے طور پر گھروں کو مسمار کرنے اور ذرائع ابلاغ کی آزادی دبانے کے واقعات کی دستاویزی طور پر نشاندہی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ماہرین نے بھی تشدد، زیر حراست ہلاکتوں اور اجتماعی سزائوں سے متعلق رپورٹس پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ صحافیوں، انسانی حقوق کے محافظوں اور پرامن سیاسی آوازوں کو خاموش کرانے کے لیے وسیع تر سخت گیر سکیورٹی قوانین کا استعمال عالمی توجہ کا متقاضی ہے۔

ہمیں بھارت میں دائیں بازو کے سیاسی رہنمائوں اور ریاستی سرپرستی کے حامل انتہا پسند گروہوں کی جانب سے مسلمانوں، دیگر مذہبی اقلیتوں کے خلاف نفرت اور پاکستان کے خلاف مخاصمت کو ہوا دینے پر گہری تشویش ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ بالخصوص مئی 2025ء میں بھارت کو ذلت آمیز فوجی ہزیمت کے بعد اس قسم کا بیانیہ ملک کے اندر ظلم و جبر اور باہر کی دنیا میں خطرناک مہم جوئی کو ہوا دے سکتا ہے۔ بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوام متحدہ کی نسلی امتیاز کے خاتمے کی کمیٹی کی جانب سے اٹھائے گئے خدشات پرجوابدہی اور کمزور طبقات کے تحفظ کے ذریعے توجہ دی جانی چاہیے۔ کسی بھی حکومت کو فرقہ وارانہ تعصب یا ہمسایہ ملک کے خلاف دشمنی کو اپنی غلطیوں اور ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے استعمال نہیں کرنا چاہیے۔ صدر مملکت نے کہا کہ شہدائے جموں کی یاد ہم سب پر یہ ذمہ داری عائد کرتی ہے کہ ہم نفرت کے خلاف مزاحمت کریں، انسانی وقار کا دفاع کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی بھی قوم کو تشدد، امتیازی سلوک یا خوف کے ذریعے اس کے حقوق سے محروم نہ کیا جائے۔ بھارت کو اشتعال انگیز بیانات اور فوجی مہم جوئی سے گریز کرنا چاہیے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی ہتھیاروں کے حامل ممالک ہیں اور ایک اور تصادم ان کے عوام اور وسیع تر خطے کے لیے سنگین نتائج کا باعث بنے گا ۔

پاکستان امن کا خواہاں ہے تاہم اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور عوام کے تحفظ پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ مذاکرات کے لیے ہمارے عزم کو کبھی بھی کمزوری نہ سمجھا جائے۔اپریل 2025ء کے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بہانے گزشتہ سال مئی میں بھارت کی جانب سے شروع کردہ مسلح تصادم ذمہ دارانہ طرز عمل اور مسلسل سفارت کاری کی فوری ضرورت کو اجاگر کرتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے جموں و کشمیر کے تنازعہ کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق منصفانہ اور پرامن حل ناگزیر ہے۔ فوجی طاقت اور جبر سیاسی تصفیے کا متبادل نہیں ہو سکتے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بھارت کے 5 اگست 2019ء کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات اور اس کے بعد کی کارروائیوں نے کشمیری عوام کے حقوق کو مزید مجروح کیا ہے۔

بھارت ان اقدامات کو واپس لے، غیر قانونی طور پر مقبوضہ علاقے کا آبادیاتی تشخص تبدیل کرنے کی کوششیں بند کرے اور ایسے حالات پیدا کرے جن میں کشمیری عوام اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کا استعمال کر سکیں۔ یہ وہ عہد ہے جو بھارت نے خود کیا تھا لیکن آج تک پورا نہیں کیا۔ وقت گزرنے سے ان کے حقوق ختم یا ان کی تائید و حمایت کے لئے عالمی برادری کی ذمہ داری ماند نہیں ہو سکتی۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس موقع پر میں عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ پر زور دیتا ہوں کہ وہ سانحہ جموں کے متاثرین کو یاد رکھے اور آزاد انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے اداروں کی جانب سے اٹھائے گئے خدشات پر عملی اقدامات کرے۔ بھارت تمام غیر قانونی طور پر زیر حراست افراد کو رہا کرے، صحافیوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کا تحفظ یقینی بنائے، گھروں کو مسمار کرنے اور اجتماعی سزائوں کا سلسلہ بند کرے اور انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کی آزادانہ تحقیقات کرائے۔ بھارت بین الاقوامی انسانی حقوق کے مبصرین کو بلا رکاوٹ رسائی فراہم کرے اور اقوام متحدہ کے متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کرے۔ صدر مملکت نے کہا کہ بھارت کی طرف سے استعمال ہونے والا انسداد دہشت گردی کا بیانیہ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں یا پورے خاندانوں اور کمیونٹیز کو اجتماعی سزا دینے کا جواز نہیں بن سکتا۔

پاکستان جموں و کشمیر کے حوالے سے اپنے اصولی موقف پر ثابت قدمی سے کاربند ہے، ہم اس غیر تصفیہ شدہ تنازعہ کو ہر متعلقہ عالمی فورم پر اجاگر کرتے رہیں گے اور اس وقت تک اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے جب تک کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق اپنے حق خودارادیت کا استعمال کرنے کے قابل نہیں ہو جاتے ۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آج کے دن ہم شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ان تمام کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں جو آج بھی مصائب اور اپنے پیاروں سے جدائی کا صدمہ برداشت کر رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ شہدائے جموں کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور جموں و کشمیر کے عوام کو آزادی، امن اور خوشحالی نصیب فرمائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *