اسلام آباد (ٹاپ اردو پوائنٹ)وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ سے مارسس خان نے منگل کو یہاں ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور ملک کے مثبت عالمی تشخص کو مزید مستحکم بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔
وفاقی وزیر نے حکومت کی جانب سے سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے، پالیسی اصلاحات اور کاروبار میں آسانی کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہا ہے اور بورڈ آف انویسٹمنٹ سرمایہ کاری کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
ملاقات میں عالمی سطح پر امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے مثبت کردار اور بڑھتی ہوئی عالمی پذیرائی پر بھی گفتگو کی گئی۔ شرکا نے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہا اور عالمی سطح پر موثر روابط کے فروغ پر زور دیا۔قیصر احمد شیخ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان بین الاقوامی شراکت داری کو فروغ دینے، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کرنے اور ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ملاقات کے اختتام پر سرمایہ کاری، اقتصادی ترقی اور عالمی امن کے فروغ کے لیے مشترکہ تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ بورڈ آف انویسٹمنٹ نے سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولت فراہم کرنے اور پاکستان کو ایک نمایاں عالمی سرمایہ کاری منزل بنانے کے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔










