Pakistan vs South Africa 93

پاکستان ٹیم کے تمام کھلاڑی تیسرے دن کے پہلے سیشن میں 378 رنز بناکرآوٹ ہوگئے


کراچی۔(ٹاپ اردو پوائنٹ) (اے پی پی):پاکستان ٹیم کے تمام کھلاڑی تیسرے دن کے پہلے سیشن میں 378 رنز بناکرآئوٹ ہوگئے،قومی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں گذشتہ روز کے مجموعی اسکور میں مزید 70 رنز کا اضافہ کیاجس کے بعد قومی ٹیم کی برتری 158 رنز ہوگئی، نعمان علی اور یاشر شاہ نے آخری وکٹ کی پارٹنرشپ میں 55 رنز بنائے۔ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز جمعرات کوپاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں گذشتہ روز کے مجموعی اسکور میں مزید 70 رنز کا اضافہ کیاجس کے بعد قومی ٹیم کی برتری 158 رنز ہوگئی،پاکستان کے تمام کھلاڑی تیسرے دن کے پہلے سیشن میں 378 رنز بناکرآئوٹ ہوگئے۔ تیسرے دن جب پاکستان کا اسکور 323 رنز پر پہنچا تو آئوٹ ہونے والے پہلے بیٹسمین حسن علی 33 گیندوں پر 2 چوکوں کی مدد سے 21 رنز بنانے کے بعد کاگیسورابادا کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے جس کے بعد قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن کے آخری بیٹسمین یاسر شاہ بیٹنگ کے لئے آئے اور انہوں نے نعمان علی کے ساتھ ملکر آخری وکٹ کی پارٹنرشپ میں 55 رنز کا اضافہ کیا۔ نعمان علی 49 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 24 رنز بناکر کیشیومہاراج کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، اس موقع پر نعمان علی نے بیٹنگ ریوو لیا جو سودمند ثابت نہیں ہوسکا۔یاسر شاہ 37 گیندوں پر4 چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے38 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ اس طرح پاکستان کی پوری ٹیم 199.2 اوورز میں 378 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ اس سے قبل گذشتہ روز فواد عالم کے 109 رنز اور فہیم اشرف 64 رنز نے کھیل میں قومی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی۔ اظہر علی نے 51اور محمد رضوان کے 33 رنز بنائے تھے۔اظہر علی اوور فواد عالم کے درمیان 55 رنز کی پارٹنرشپ بنی جبکہ فواد عالم اور فہیم اشرف کے مابین 102 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔قومی ٹیم کے بیٹسمینوں نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ کیشیومہاراج کی گیند پر کٹ شاٹ کھیلنے کی کوشش میں گیند اظہر علی کے بلے کا کنارہ لیتی ہوئی وکٹ کیپر کپتان کوئنٹن ڈی کوک کے ہاتھوں میں چلی گئی، اس طرح وہ کیچ آئوٹ ہوئے تھے، انہوں نے 151 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے4 چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سینچری مکمل کی اور 51رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ جس کے بعد فواد عالم کے ساتھ وکٹ کیپر محمد رضوان کھیلنے کے لئے آئے اور دونوں بیٹسمینوں نے مجموعی اسکور میں 55 رنز کا اضافہ کیا۔ پاکستان کا اسکور جب میں 176 رنز پر پہنچا تو اس موقع پر لیونگی گیڈی کی گیند پر محمد رضوان سلپ میں کھڑے فیلڈر فاف ڈپلیسی کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، انہوں نے 59 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 33 رنز بنائے۔ فواد عالم نے خوبصوت بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 315 منٹ میں 220 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے اپنی سینچری مکمل کی۔ انہوں نے اپنی سینچری میں 9 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔ جب مجموعی اسکور 278 رنز پر پہنچا توفواد عالم 245 گیندوں پر 109 رنز بناکر لیونگی نگیڈی کی گیند پرتیز شاٹ کھیلنے کی کوشش میں مڈوکٹ پر فیلڈنگ کرنے والے ٹیمباباوئوما کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔جس کے بعد فہیم اشرف بھی84 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 64 رنز بناکر این رچ نارٹ جی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، انہوں نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ قومی ٹیم کی اننگ کا آغاز عمران بٹ اور عابدعلی نے کیا تھا ، ابتداء ہی میں اوپنر عابد علی صرف 4 رنز بنانے کے بعد کاگیسورابادا کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے جبکہ اگلے ہی لمحہ عمران بٹ 9 رنز بناکر گیسورابادا کی گیند پر ہی لیگ گلی میں موجود متبادل فیلڈر ڈی پیٹرسن کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے، اس طرح اسکورڈ بورڈ پر آویزاں مجموعی اسکور صرف 15 رنز پر دو کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کی تیسری وکٹ کپتان بابراعظم کی گری جو مجموعی اسکور 26 رنز پر آئوٹ ہوئے، انہوں نے 30 گیندیں کھیل کر انفرادی طور 7 رنز بنائے اور انہیں کیشیومہاراج نے ایل بی ڈبلیو کیا جبکہ اگلی ہی گیند پر نائٹ واچ مین شاہین شاہ آفریدی صفر کے اسکور پر این رچ نارٹ جی کی گیند کلین بولڈ ہوگئے۔پاکستانی بیٹسمینوں نے ابتک 30 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔ پاکستان ٹیم کی پہلی وکٹ 5 رنز، دوسری وکٹ 15، تیسری وکٹ 26 ، چوتھی وکٹ 27، پانچویں وکٹ 121، چھٹی وکٹ 176، ساتویں وکٹ 278 اور آٹھویں وکٹ 295، نویں 323 اور دسویں 378 رنز پر گری۔جنوبی افریقہ کے بالرکاگیسورابادا نے اپنے 27 اوورز میں 70 رنز دیکر 3 بیٹسمینوں کو آئوٹ کیا جبکہ ، کیشیومہاراج نے بھی 32.2 اوورز میں 90 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ این رچ نارٹ جی اورلیونگی نگیڈی نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں