اسلام آباد/کراچی/لاہور(ٹاپ اردو پوائنٹ)معرکۂ حق کے حوالے سے نورین نیازی اور مولانا فضل الرحمٰن کے حالیہ بیانات پر سوشل میڈیا سمیت مختلف عوامی حلقوں میں شدید ردِعمل دیکھنے میں آیا ہے۔ متعدد صارفین اور محب وطن پاکستانیوں نے ان بیانات پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی سلامتی، افواجِ پاکستان اور شہداء کی قربانیوں کو سیاسی تنازعات کا حصہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔
سوشل میڈیا پر مختلف پلیٹ فارمز پر جاری تبصروں میں صارفین نے اس مؤقف کا اظہار کیا کہ معرکۂ حق پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، قومی عزم اور عوامی یکجہتی کی علامت ہے، اور اس قومی کامیابی کو متنازع بنانے کی کوشش قومی مفاد کے خلاف سمجھی جا رہی ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پاکستان دہشت گردی، بیرونی خطرات اور قومی سلامتی کے چیلنجز سے نبرد آزما ہے، ایسے میں قومی اداروں خصوصاً افواجِ پاکستان کے خلاف غیر ذمہ دارانہ بیانات قومی اتحاد کو متاثر کر سکتے ہیں۔ محب وطن پاکستانیوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن قومی دفاع اور شہداء کی قربانیوں پر پوری قوم متحد ہے۔
شہریوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے وطن کے دفاع، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور قومی سلامتی کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں، جنہیں پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام پاک افواج کے خلاف ایک لفظ بھی سننے کو تیار نہیں اور قومی اداروں کے وقار کا دفاع ہر محب وطن پاکستانی کی ذمہ داری ہے۔
عوامی و سماجی حلقوں نے تمام سیاسی قیادت سے مطالبہ کیا کہ قومی سلامتی اور دفاعِ وطن جیسے حساس معاملات پر ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کیا جائے اور ایسے بیانات سے گریز کیا جائے جو قومی یکجہتی کو متاثر کریں یا دشمن عناصر کے بیانیے کو تقویت دینے کا سبب بنیں۔










