Home / Politics / ڈیمز کی تعمیر قومی ضرورت، نمائشی منصوبوں پر وسائل خرچ کرنے کے بجائے آبی تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے، مرکزی چیئرمین متحدہ عوامی موومنٹ

ڈیمز کی تعمیر قومی ضرورت، نمائشی منصوبوں پر وسائل خرچ کرنے کے بجائے آبی تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے، مرکزی چیئرمین متحدہ عوامی موومنٹ

Markazi Chairmin Muttahida Awami Movement

اسلام آباد/کراچی(ٹاپ اردو پوائنٹ)متحدہ عوامی موومنٹ کے بانی چیئرمین صاحبزادہ حافظ فاران سہیل نے کہا ہے کہ ملک میں نئے ڈیمز کی تعمیر اور زیرِ تعمیر منصوبوں کی بروقت تکمیل وقت کی اہم ترین قومی ضرورت بن چکی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے گزشتہ برسوں سے کوئی سبق نہ سیکھا اور پیشگی اقدامات کے بجائے ممکنہ سیلاب کا انتظار کرتی رہی تو اس کے نتائج ایک مرتبہ پھر عوام کے لیے تباہ کن ثابت ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر سال آنے والے سیلاب قیمتی انسانی جانوں، لاکھوں ایکڑ زرعی اراضی، مویشیوں، مکانات اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچاتے ہیں، مگر اس کے باوجود آبی ذخائر میں اضافے اور سیلاب سے بچاؤ کے منصوبوں کو وہ توجہ نہیں دی جا رہی جس کے وہ مستحق ہیں۔ یہ صورتحال تشویشناک ہے اور قومی منصوبہ بندی پر سنجیدہ سوالات اٹھاتی ہے۔صاحبزادہ حافظ فاران سہیل نے کہا کہ افسوس کے ساتھ حکومت کی ترجیحات میں ایسے نمائشی منصوبے نمایاں دکھائی دیتے ہیں جن سے عوام کے بنیادی مسائل حل نہیں ہوتے، جبکہ ڈیمز، آبی ذخائر، نکاسیٔ آب، فلڈ پروٹیکشن سسٹم اور پانی کے مؤثر انتظام جیسے قومی اہمیت کے منصوبے مسلسل تاخیر کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو تشہیری اقدامات نہیں بلکہ ایسے عملی منصوبے درکار ہیں جو ان کی جان، مال، زراعت اور مستقبل کا تحفظ کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان کو شدید سیلاب، خشک سالی اور پانی کی قلت جیسے خطرات کا سامنا ہے، اس لیے اب مزید تاخیر کی گنجائش نہیں۔ حکومت فوری طور پر نئے ڈیمز کی تعمیر، زیرِ تکمیل منصوبوں کی جلد تکمیل اور سیلاب سے بچاؤ کے جامع نظام کو قومی ترجیح قرار دے۔انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ ترقیاتی وسائل کا رخ قومی مفاد کے بنیادی منصوبوں کی طرف موڑا جائے، آبی تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے اور مستقبل کے ممکنہ سیلابی خطرات سے نمٹنے کے لیے ایک مؤثر، قابلِ عمل اور طویل المدتی حکمتِ عملی اختیار کی جائے تاکہ عوام کو ہر سال ایک ہی المیے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *